28 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:5
مشکل کی گھڑی میں قوم متحد ہے ، میاں نوازشریف
اے آر وائی - پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاملات میں امریکی مداخلت پر حکومت اور تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں اور یہ قوم بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔
جناح اسپتال لاہور میں ڈینگی کے مریضوں اور مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ممتاز جوجہ کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ تحفظات کے باوجود آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریں گے اور اپنے تحفظات کا اظہار کریں گے۔
امریکی مداخلت کے بعد اس بات پر بھی غور کرنا ہوگا کہ آج یہ دن کیوں دیکھنا پڑا۔ قوم کو اگر حقائق سے آگاہ کیا جاتا اور پارلیمنٹ کی قراردادوں پر عمل ہوتا تو آج یہ نوبت نہ آتی۔ ڈینگی کے حوالے سے خدمات پر میاں نواز شریف نے ڈاکٹروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بساط سے بڑھ کر کام کررہے ہیں جبکہ میاں شہباز شریف بھی صوبہ میں ڈینگی کے خاتمے کے لئے دن رات اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔