تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
28 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:29

کل جماعتی کانفرنس کل وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گی

اے آر وائی - وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت کل جماعتی کانفرنس کل دو پہر دو بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہو گی۔ کانفرنس میں شر کت کے لیئے پچاس سے زائد سیاسی مذہبی جماعتوں اور قوم پرست رہنماوں کو شر کت کی دعوت دی گئی ہے۔ اجلاس میں چیرمین چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کل جماعتی کانفرنس کو ملکی سلامتی کی صورتحال ، پاک امریکا تعلقات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں گے۔



ذرائع کے مطابق کانفرنس کا ایجنڈا ملک کی موجودہ سیکورٹی صورتحال اور متفقہ قومی حکمت عملی کی تشکیل ہے۔ دوسری جانب ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں سمیت مختلف رہنماوں نے کانفرنس میں شر کت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ میاں نواز شریف ،چودھری شجاعت حسین ، علامہ ساجد نقوی ،حامد موسوی ،عمران خان ، حیدر عباس رضوی ،سمیع الحق ،شیخ رشید احمد ،سلیم سیف اللہ خان ،میر ظفر اللہ خان جمالی ، سید منور حسن ،ابو الخیر زبیر ، ثروت اعجاز قادری ، پیر فضل حق ، اسفند یار ولی خان ،مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر چالیس رہنماوں نے کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق اختر مینگل نے وزیراعظم کا دعوت نامہ مسترد کر دیا جبکہ آل پاکستان مسلم لیگ اور سندھ نیشنل فرنٹ کو کانفرنس میں شر کت کی دعوت نہیں دی گئی ۔



کانفرنس کے موقع پر میڈیا کو وزیراعظم ہاوس میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سیاسی قائدین کو دورہ امریکہ میں امریکی حکام سے ملاقاتوں سے متعلق بریف کریں گی۔ کانفرنس میں ہر جماعت کا سربراہ یا اس کا نمائندہ شریک ہو گا۔ سینٹ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور وفاقی وزراء بھی کل جماعتی کانفرنس میں شریک ہوں گے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.