تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
30 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:18

پی اے سی اجلاس،چوہدری نثار پر استعفیٰ واپس لینے پر زور

اے آر وائی - حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی سمیت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان نےقائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان سے پی اے سی کے چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔



اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے رکن ندیم افضل چن نے سب سے پہلے اس موضوع پر بات کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کو اپنا فیصلہ واپس لینے کی درخواست کی اور کہا کہ اگر چوہدری نثار چیئرمین شپ سے مستعفی ہوتے ہیں تو یہ میثاق جمہوریت اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی خواہشات کی نفی ہوگی۔



ان کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ریاض حسین پیرزادہ ، جے یو آئی کی آسیہ ناصر، ایم کیو ایم کے وسیم اختر، فاٹا کے نور الحق قادری سمیت اجلاس میں موجود تمام ارکان نے چوہدری نثار علی خان کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی جس پر انہوں نے ارکان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس حوالے سے تمام ارکان کو اعتماد میں لیں گے تاہم حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ پی اے سی کی سفارشات کی دھجیاں نہ بکھیرے اور کرپشن جو معاشرے میں رچ بس چکی ہے اس کے خاتمے کے لئے سنجیدہ کوششیں کرے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.