2 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 17:43
لاہور، لوڈشیڈنگ پر عوام کا احتجاج،پولیس کی شیلنگ
اے آر وائی - لاہور میں بارہ سے چودہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پر عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ چوہنگ کے علاقہ میں ہونے والے مظاہرہ میں مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا , پریم نگر میں مشتعل مظاہرین نے واپڈا کے دفتر کو آگ لگا دی جبکہ پولیس نے لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
مشتعل مظاہرین نے لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان روڈ بلاک کردی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، اس دوران پتھراؤ سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ کافی دیر تک احتجاج جاری رہنے کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی جس سے مشتعل ہوکر مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا پولیس کی جانب سے جوابی شیلنگ سے لوگ منتشر ہوگئے تاہم بعد میں انہوں نے دوبارہ جمع ہوکر تھانہ کا گھیراؤ کرلیا۔ اس دوران مظاہرین نے پولیس اور حکومت کے خلاف بدترین نعرے بازی کی ۔