3 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 11:9
امریکہ خطے میں بھارت کو سپر پاور بنانا چاہتاہے،منور حسن
اے آر وائی - امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ امریکہ خطے میں بھارت کو سپر پاور بنا کر چین کا کردار کم اور ایران کو دباو میں لانا چاہتا ہے۔ ثریا عظیم اسپتا ل لاہورکے ڈینگی وارڈ میں مریضوں کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ افغانستان سے شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتاہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امریکہ کا دوست صرف بھارت ہے۔ چین، ایران، وسطی ایشیا اور افغانستان میں بھی کرزئی کے علاوہ کوئی امریکہ کا ساتھی نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں دہشت گردی امریکی افواج اور نیٹو کی موجودگی کی وجہ سے ہے۔
منور حسن نے کہا کہ پاکستان کی خفیہ ایجینسیاں ملکی مفادات کے خلاف کام نہیں کرسکتیں، میاں نواز شریف کو فوج یا آئی ایس آئی سے تحفظات ہیں تو ان سے براہ راست بھی مل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناراض عسکری گروہوں سے پاکستان کی سول حکومت اور فوج کو مذاکرات کرے۔