3 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 11:18
ملک میں بجلی کے بحران کے ذمہ دار نواز شریف ہیں،شرجیل میمن
اے آر وائی - وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کے بحران کے ذمہ دار میاں نواز شریف ہیں جنہوں نے بدنیتی کی بنیاد پر تھرکول اور کیٹی بندر پراجیکٹ بند کیے۔
کراچی میں پریس بریفینگ میں شرجیل میمن نے کہا کہ غیرملکی امداد پر شرم محسوس کرنے والے یہ بتائیں کہ عوام کو دس سال دھوکے میں رکھ کر ڈیل کرکے رات کے اندھیرے میں ملک سے بھاگنے والوں کو اس وقت شرم کیوں نہیں محسوس ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے میاں عوام کو سڑکوں پر نعرے لگوانے کی دھمکیاں نہ دیں پیپلز پارٹی دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، ہم مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ دو مئی کے بعد نوازشریف نے جو زبان خفیہ ایجنسیوں کے حوالے سے اپنائی وہ کسی دشمن ممالک کی تھی۔ نواز شریف بتائیں کہ وہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ نواز شریف سیاسی لیڈر بننے کے لیے جیل کاٹنا سیکھیں۔ وہ ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں صدر، وزیراعظم، چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر وہ خود ہی ہوں۔