3 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 17:52
ملک میں بجلی کا بحران ، پنجاب کی عوام سڑکوں پر
اے آر وائی - ملک میں بجلی کا شارٹ فال سات ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا۔ ہائیڈل پاورپروجیکٹ سے پیداوار4359 ، تھرمل 1268، آئی پی پیزسے 4109 جبکہ رینٹل پاور پراجیکٹس سے 92 میگاواٹ ہے۔دوسری جانب ملک میں بجلی کی شدید قلت سے نظام زندگی درہم برہم ہوچکا ہے جس کے باعث عوام کا پیمانہ صبر بھی لبریز ہے،پنجاب میں لوڈشیڈنگ کے خلاف پر تشدد ہنگامہ آرائی کے دوران بڑے پیمانے پر سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
پنجاب کے شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بارہ گھنٹے اور دیہات میں بیس گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ کیپکو کیجانب سے ملتان کو350 میگاواٹ بجلی کی پیداواراور ترسیل معطل ہے۔ جنوبی پنجاب میں بجلی کا شارٹ فال1300میگاواٹ ہوگیا ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور وہ سخت مشتعل ہیں۔
فیصل آباد، سرگودھا اور گوجرانوالہ میں تاجروں نے شٹرڈاون ہڑتال کی۔ تاجروں کاکہناہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار تباہ ہوگئے ہیں۔ فیصل آباد میں سمندری روڈ پر شدید احتجاج کیا گیا۔گوجرانوالہ میں مظاہرین نے جعفرآباد ایکسپریس پر پتھراؤ کیا ،عوام نے واپڈا کمپلیکس پر حملہ کردیا اور وہاں کھڑی واپڈا کی تین گاڑیوں سمیت بیس کے قریب موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی، ہنگامہ آرائی میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے شہروں ڈیرہ غازی خان ، لیہ ، خانیوال ، بہاولپور ، خانیوال ، لودھراں اور دیگر شہروں میں بھی لوڈ شیڈنگ کے خلا ف سخت عوامی رد عمل سامنے آ رہا ہے ۔
بلوچستان میں طلب بارہ سو میگا واٹ صرف پانچ سو میگا واٹ بجلی کی فراہمی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بڑے شہروں میں چھ سے آٹھ گھنٹے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں سولہ اور دیہی علاقوں میں بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ کے ای ایس سی کو 480 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بڑے شہروں میں لوڈ شیڈنگ سے پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔خیبرپختونخوا میں مجموعی طلب دوہزار تین سو پچاس میگاواٹ شارٹ فال پندرہ سو میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ شارٹ فال کی وجہ سے پشاور اور ہزارہ ڈویژن سمیت دیگر شہروں میں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے ۔
سندھ بھر میں بارہ سے چودہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ۔ کراچی میں رہائشی علاقوں میں بارہ سے چودہ اور صنعتی علاقوں میں آٹھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔لیاری ، نارتھ کراچی ، گلشن اقبال ، شادمان ٹاون ، نیو کراچی ، اورنگی ٹاون ، نارتھ ناظم آباد ، ائرپورٹ ، لیاقت آباد ، کورنگی ، گلستان جوہر ، ڈیفنس ،لیاری اور بجلی کے بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ ساٹ بجلی کی آنکھ مچولی ، طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے۔ شہری اس صورتحال سے سخت نالاں ہیں۔ ادھر ترجمان کے ای ایس سی کا کہنا ہے کہ وزیر پیٹرولیم کی ہدایت کے بعد پندرہ ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی شروع ہوگئی ہے۔