3 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 18:19
لوڈ شیڈنگ پر اپوزیشن کا احتجاج : قابو پا لیں گے ، وزیراعظم
اے آر وائی - قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن او ر ایم کیو ایم نے ملک میں جاری بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا جبکہ ن لیگ نے ایوان سے علامتی واک آ وٹ کیا۔ قائدحزب اختلاف چوہدری نثارعلی خان نے وزیراعظم جواب دیں کہ وزیراعظم ہاؤس توجگمگ جگمگ کررہا ہے مگرعوام اندھیروں میں ہیں جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ سے لوڈشیڈنگ کے معاملے پربات ہوئی ہے بہت جلد بجلی کی پیداوارشروع ہوجائے گی۔
ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی کی صدارت میں ہونیو الے اجلاس میں ن لیگ اور ایم کیو ایم کے مطالبے پر ایجنڈے کی کارروائی معطل کر کے بجلی لوڈ شیڈنگ پر بحث کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایم کیو ایم کے فاروق ستار نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے تمام ادارے نا اہلی ، بد عنوانی اور بد نظمی کا شکار ہیں۔ لوگوں کا جمہوری اداروں سے اعتماد اٹھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بے حسی کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ ن لیگ کے خواجہ آ صف نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ تین سال میں بجلی کے بحران میں اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب میں بجلی لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے قومی دولت اپنی شاہ خرچیوں پر اڑا رہے ہیں۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈرچوہدری نثار نے اپنے خطاب کے دوران بجلی اورامریکی دھمکیوں کے حوالے سے آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت کوامریکی دھمکیوں پر پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس بلوایاجاناچاہے تھا لیکن اے پی سی پر ہی اکتفاکیاگیا۔ اے پی سی میں وہ لوگ آئے جنہیں اپنے گھروالے بھی ووٹ نہیں دیتے۔ حکومت کی بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے بے حسی مجرمانہ ہے۔ آج مجبورحکومت نے عوام کوبے بس کرکے رکھ دیا ہے ،گزشتہ ساڈھے تین سال میں قراردادیں منظورکرانے کے علاوہ عمل درآمد نہیں کراسکی ۔
وزیراعظم سیدیوسف رضاگیلانی نے اس موقع پرقائدحزب اختلاف کے سوال کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ میں پارلیمنٹ کامشترکہ بلوانے کاخواہاں تھا آل پارٹیزکانفرنس میں زیادہ سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن سے متعلق عوام میں جونفرت پائی جاتی ہے اسے دور کرنے کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن کوچاہے کہ وہ عوام کیلئے آسانیاں پیداکرے۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ پی پی اورن لیگ کی دو ،دوحکومتیں ماضی میں کرپشن کی بھینٹ چڑھ چکی ہیں۔ اس پرچوہدری نثارعلی خان کھڑے ہوگئے اورکہا کہ وزیراعظم ریکارڈدرست کرلیں ن لیگ کی حکومت کرپشن کی نذرنہیں ہوئی۔