4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 7:10
امین فہیم کی لوگوں سے ملاقات، ریاست کی ناکامی ہے، بی جے پی
اے آر وائی - بھارتیہ جنتا پارٹی کی پاکستان دشمنی ڈھکی چھپی نہیں،وزیر تجارت امین فہیم کے دورہ بھارت کو متنازع بنانے کے لئے بی جے پی نے ان پر بغیر اجازت لوگوں سے ملاقات کا الزام عائد کرتے ہوئے راجستھان کے وزیر داخلہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیاہے۔
بھارتی جنتا پارٹی پاکستان دشمنی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی، پاک بھارت تعلقات میں بہتری بھی اس جماعت کو ایک آنکھ نہیں بھاتی،پاکستان کے وزیر تجارت مخدوم امین فہیم کے دورہ بھارت میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ کے حوالے سے مثبت پیش رفت نظر آئی تھی تاہم بی جے پی یہ کس طرح برداشت کر لیتی یہی وجہ ہے کہ راجستھان بی جے پی کی مقامی قیادت نے الزام عائد کیا ہے کہ مخدوم امین فہیم نے درگاہ اجمیر شریف کی زیارت کے دوران شیڈیول سے ہٹ کر لوگوں سے بات چیت کی جو سیکورٹی لیپس کا درجہ رکھتی ہے۔
بی جے پی کی مقامی قیادت نے اس حوالے سے خاصے سخت موقف کا اظہار کیا ہے ۔ریسات راجستھان میں بی جے پی کے سربراہ نے امین فہیم کی کچھ لوگوں سے بات چیت کو ریاستی وزیر داخلہ کی اس ناکامی قرار دیتے ہوئے ان کے استعفی کا مطالبہ کر دیا ہے۔