25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 6:56
تحریک انصاف کا مزار قائد پر جلسہ، کارکنوں کی آمد جاری
اے آر وائی - کراچی میں تحریک انصاف آج باغ مزار قائد سے متصل باغ میں جلسہ کررہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں سے کارکنوں کی آمد جاری ہے ۔ جلسہ سے عمران خان، مخدوم جاوید ہاشمی اور دیگر خطاب کریں گے۔
اس جلسے میں شرکت کیلئے تحریک انصاف کی پوری مرکزی قیادت کراچی میں موجود ہے ۔ رات گئے عمران خان نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور کہا کہ آخری ہچکیاں لیتا ہوا کرپٹ نظام نئے سونامی میں بہہ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جلسہ لاہور کے جلسے سے بڑاہوگا۔ مزار قائد سے متصل گراؤنڈ پر اسٹیج تیار کیا گیا ہے اور جلسے کے انتظامات کے انچارج فردوس شمیم نقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ جلسہ گاہ میں ساٹھ ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں اور دو لاکھ سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
جلسہ گاہ کے حفاظتی انتظامات کیلئے دوہزار سے زائد پولیس اور پندرہ سو سے زائد تحریک انصاف کے رضاکار مقرر کئے گئے ہیں ۔ پارک ایریا سے جلسہ گاہ تک شٹل میں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جلسے میں پندرہ ہزار خواتین کیلئے کرسیاں رکھی گئیں ہیں ۔ خواتین اور نوجوان بڑے پرجوش نظر آرہے ہیں۔