تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 13:15

پرانے چہرے نئے ماسک، عوام کو دھوکا دیتے ہیں، منور حسن

اے آر وائی - امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ پرانے چہرے نئے ماسک چڑھا کر عوام کو دھوکا دیتے ہیں۔ موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے مہنگائی کا خاتمہ ممکن نہیں۔



لاہور میں کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے دھرنا دیا گیا اس موقع پر امیر جماعت منور حسن نے کہا کہ سیاست دان وعدے کر کے عوام کو دھوکا دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان کی دولت چند سیاسی گھرانوں میں گھوم رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ غریب ، غریب تر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہران بیس اور جی ایچ کیو، سلالہ چیک پوسٹ اور ایبٹ آباد پر حملے امریکا نے کیے تھے۔ انھوں نے کہا نواز شریف حکومت اور اس کے اتحادیوں کو سہارا دیتے ہیں۔



دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ پاکستان کا اہم مسئلہ امریکی غلامی سے نجات ہے، جس کے لئے سر پر کفن باندھ کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ پاکستان میں سیاست کا محور مدینہ منورہ کی اسلامی ریاست کو بنائیں گے۔ انہوں نے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سے قومی اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آرمی پر تنقید کرکے میمو سکینڈل میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا۔ ان کی تقریر آرمی کے خلاف قرارداد مذمت کے مترادف ہے۔



جماعت اسلامی کے امیر نے مطلبہ کیا کہ میمو سکینڈل کا فیصلہ جلد از جلد سناکر ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ میاں نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ساڑھے تین سال تک زرداری حکومت کو سہارا دیا جس کی غلط پالیسیوں میں وہ بھی شریک ہیں۔



اس موقع پر لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ایٹمی پروگرام کو لاحق خطرات اور قومی غیرت کو بچانے کے لئے ضروری ہے کہ بیرونی امداد کا کشکول توڑ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے ضابطہ اخلاق کو قانونی شکل دے کر فرقہ واریت کا خاتمہ کریں گے۔ اقتدار ملنے کے 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ کے خاتمہ اور بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں 20 فیصد کمی لانے کا بھی دعویٰ کیا۔ انہوں نے جی ایس ٹی اور بجلی کے بلوں پر ناجائز ٹیکسوں کو ختم کرنے اور صنعتوں میں پیداواری لاگت کم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.