تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 15:39

پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کو کچھ ہاتھوں سے بچانا ہو گا،قریشی

اے آر وائی - تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کو کوئی خطرہ نہیں اگر پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کو خطرہ ہو سکتا ہے تو پالیسی سے ہوسکتا ہے اور پالیسی میکرز سے ہو سکتا ہے۔



کراچی میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قوم پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر متحد ہے موجودہ حکومت سے اختلاف کی وجہ بھی ایٹمی پروگرام ہی تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو کچھ ہاتھوں سے محفوظ رکھنا ہوگا ، کم سے کم دفاعی صلاحیت پاکستان کی پالیسی کا حصہ ہے اور ہمارے عزائم جارحانہ نہیں ،امریکا سے دوستی چاہتے ہیں غلامی قبول نہیں۔



محمود قریشی کا کہنا تھا جمہوریت کو خطرہ ہے تو حکومت کی نااہلی اور کرپشن سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی کمزوریوں سے خطرہ ہے ہمیں اپنی سمت خود متعین کرنا ہو گی۔ جمہوریت کی ضمانت خودمختار عدلیہ ہی دے سکتی ہے اور عدلیہ نے نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیا ہے۔ انہوں نے کہا ہر ادارہ تنزلی کا شکار ہے پی آئی اے ہے تو جہاز نہیں پٹری ہے تو ریل نہیں قوم فیصلہ کر لے تو سب ٹھیک ہو سکتا ہے۔ بہت سے معاملات میں قومی اتفاق آ چکا ہے قوم جمہوریت اور جمہوری نظام پر متفق ہے اور جب قوم متفق ہو تو پھر کوئی سازش نہیں کرسکتا۔



انہوں نے کہا کراچی والوں نے آج بہت سے لوگوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں ہم یہاں ٹوٹے دلوں کو جوڑنے اور کراچی والوں کو یکجا کرنے آئے ہیں، ہمارا مقصد کراچی کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کراچی کی سیاسی اہمیت سے انکار نہیں کر سکتا یہاں رہنے والے امن ، روزگار ، بجلی اور گیس چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدل چاہیے تو ہمیں مل کر تحریک انصاف کو لانا ہوگا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.