25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 17:49
میمو گیٹ: وزیراعظم حقیقت کو جھٹلا رہے ہیں، شیخ رشید
اے آر وائی - عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میمو گیٹ حقیقت ہے لیکن ملک کے منتخب وزیراعظم اس حقیقت کو جھٹلا رہے ہیں۔ میمو، فوج اور ملک کے خلاف سازش ہے۔
راولپنڈی میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ملک کے واحد وزیراعظم ہیں جن کا سسرال بھی کرپشن میں ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو بارہ ادارے چلا رہے ہیں اور حکومت انہی بارہ اداروں کو لوٹ رہی ہے۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ انکا پندرہ جنوری کا جلسہ عوامی جلسہ ہوگا جس میں کرسیاں نہیں ہونگی تاکہ جلسے کے بعدکرسی چوری کا خدشہ ہی نہ رہے۔ شیخ رشید نے کہا وہ سیاسی اتحاد چاہتے ہیں۔