26 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 16:30
بے نظیر کو خراج عقیدت، جمہوریت کا دفاع ہے،صدر زرداری
اے آر وائی - صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے بے نظیر بھٹو کی شہادت تشدد اور بین الاقوامی انتہاپسندی کے خلاف دنیا کو موثر ہتھیار سے محروم کرنے کی سازش تھی۔
بے نظیر بھٹو کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا بے نظیر بھٹو جمہوریت کی نڈر چیمپین اور خواتین کے حقوق کی عظیم علم بردار تھیں۔ وہ بیلٹ باکس کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں۔ انہوں نے تشدد اور انتہاپسندی کو ہمیشہ مسترد کیا۔
صدرزرداری نے پیغام میں کہا بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس کا بہترین طریقہ جمہوریت اور ملک کے جمہوری اداروں کا دفاع اور تحفظ ہے۔ وزیر اعظم گیلانی نے بے نظیر بھٹو کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ۔۔ جمہوریت ، معاشی ترقی، اعتدال پسندی اور جدیدیت بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف موثر ہتھیار ہیں۔ بے نظیر بھٹو اس نظریے کی قائل تھیں کہ جمہوریت اور اسلام ایک دوسرے سے مطابقت رکھتے ہیں۔