تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
28 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 5:16

سپریم کورٹ میں میمو کیس کی سماعت شروع

اے آر وائی - سپریم کورٹ میں میمو کیس کی سماعت شروع ہوگئی ہے، چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں نو رکنی بینچ سماعت کر رہا ہے۔ گذشتہ روزاٹارنی جنرل نے دلائل مکمل کرلیے تھے۔ عاصمہ جہانگیر آج اپنے دلائل جاری رکھیں گی۔ گزشتہ روز کی کارروائی کے دوران عدالت عظمی نے ریمارکس میں کہا کہ وزیر اعظم کو پارلیمانی کمیٹی کے اختیارات میں توسیع یا انہیں کوئی ہدایات جاری کرنے کا اختیار نہیں۔



میمو کیس کی سماعت میں پارلیمانی کمیٹی کے اختیار پر بات ہوئی۔ جسٹس جواد نے ریمارکس دیے وزیر اعظم کو پارلیمانی کمیٹی کے اختیارات میں توسیع یا کمیٹی کو ہدایات دینے کا اختیار نہیں۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا صرف پارلیمنٹ پارلیمانی کمیٹی کو اختیار دے سکتی ہے۔ چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کیا پارلیمنٹ نے پارلیمانی کمیٹی کو تحقیقات کا اختیار دیا ہے۔ درخواست گزار اسحاق ڈار نے سرکاری نوٹفکیشن عدالت میں پیش کیا۔ جس کے تحت کمیٹی کو تحقیقات کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ درخواست گزار نے بتایا پارلیمنٹ نے کمیٹی کو ایسا کوئی اختیار نہیں دیا۔



اٹارنی جنرل نے کہا تحقیقا ت کا معاملہ بنیادی حقوق کے زمرے میں نہیں آ تا۔ حکومت کا اس میمو سے کوئی تعلق نہیں۔ وزیر اعظم کے حکم پر کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس لئے ان درخواستیں نا قابل سماعت قرار دی جائیں۔ حسین حقانی کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے کہا درخواست میں میمو کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ معاملے کی تحقیقات کون کرے۔ یہ بھی ایک تنازع ہے۔ یہ تنازعہ بنیادی انسانی حقوق کے زمر ے میں نہیں آ تا۔



دوران سماعت اٹارنی جنرل نے بابر اعوان کی پریس کانفرنس پر سرکاری جواب داخل کرایا۔ وزیر اعظم کے جواب میں کہا گیا کہ تیس سال سے پریس کانفرنس کیلئے پی آئی ڈی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایبٹ آباد کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے بھی گذشتہ دنوں پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کی۔ یکم دسمبر کی پریس کانفرنس کا مقصد عدلیہ کی تضحیک نہیں تھا۔ پریس کانفرنس کی باتیں تاریخ کے پس منظر میں پارٹی کا موقف تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.