29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 13:50
میمو کیس:حسین حقانی پس رہے ہیں، عاصمہ جہانگیر
اے آر وائی - میمو کیس میں حسین حقانی کی وکیل عاصمہ جہانگیر کہتی ہیں حکومت اور عسکری قیادت کا کیس میں مختلف موقف ہے جس کی وجہ سے ان کا موکل پس رہا ہے۔ معلومات تک رسائی کے قانون سے لوگ ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
سپریم کورٹ میں میمو کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں عاصمہ جہانگیر نے کہا درخواست گزاروں نے اپنی سیکورٹی سے متعلق شکوک واضح نہیں کئے اس لئے شک کی بنیاد پر کسی کا حق سلب نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا معلومات تک رسائی کا قانون پہلے ہی نافذ ہے لیکن اس کے استعمال پر نظر رکھنا ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا عدالت سے کہا گیا ہے وہ طے کرے میمو اسکینڈل پر درخواست گزاروں کے مقاصد کیا ہیں۔عاصمہ جہانگیر نے بتایا کسی کیس کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ عدالتی کمیشن قائم کرنے کا حکم دے سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا میمو کے متن میں وہ کئی متضاد چیزیں سامنے لائی ہیں۔