30 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 12:51
سرائیکی صوبے کی جنگ پیپلز پارٹی ہی لڑے گی، وزیراعظم
اے آر وائی - وزیر اعظم یو سف رضا گیلانی نے کہا ہے پیپلز پارٹی پنجاب اور قومی اسمبلی میں سرائیکی صوبہ کی جنگ لڑے گی۔ گیس لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس بدھ کو طلب کرلیا گیا ہے۔
ملتان میں سرکاری ٹی وی چینل سینٹر کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا عوام سرائیکی صوبے کے خلاف ہرسازش مسترد کردے گی۔ سرائیکی صوبے کی حمایت پر اتحادی جماعتوں کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پیپلزپارٹی اس معاملے کو مشاورت سے آگے لے جائے گی۔ ان کاکہنا تھا اقتصادی بحران صرف پاکستان ہی نہیں عالمی مسئلہ ہے۔ مہنگائی اور توانائی کے بحران پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔
گیس لوڈشیڈنگ کے معاملے پر بدھ کو وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ کھاد کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بارے میں سوال پر وزیراعظم گیلانی نے کہا صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ سرکاری نرخ پر عمل درآمد کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا حکومت میں عوام کے مسائل حل نہیں ہونگے تو پھرکب ہونگے۔ عوام نے منتخب کیا ہے اور پارلیمنٹ کو آئینی مدت پوری کرنی چاہئے۔