1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 15:47
نئے صوبے ملکی، سیاسی و معاشی استحکام کیلئے ضروری،فاروق ستار
اے آر وائی - ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں نئے صوبوں اور ہزاروال صوبے کا قیام ملکی سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے ضروری ہے جس کے لئے کل قومی اسمبلی اور اور سینٹ میں ایم کیو ایم 20 ویں آئینی ترمیم جمع کرائے گی۔
جنوبی پنجاب کی عوام کو نئے سال میں کالے انگریزوں اور تخت لاہور سے چھٹکارا دلاکر نیا تحفہ دیں گے۔ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر سرائیکی اور ہزاروال کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو بلوچستان نہیں بننے دینگے۔ایم کیو ایم جنوبی پنجاب کی محکوم عوام کو ان کا سیاسی ، سماجی اور معاشی حق دلائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام الطاف حسین کو اپنا نجات دھندہ سمجھتی ہے عوام کو بااختیار بناکر ان میں احساس ملکیت اور احساس شمولیت دینی ہوگی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ فاٹا کی مظلوم عوام کو حقوق دلانے کیلئے بھی مشاورت سے قراردادیں تیار کی جارہی ہے اگر 21 ویں آئینی ترمیم کا وقت آیا تو فاٹا کو الگ صوبہ بنانے کی قرار داد بھی پیش کرینگے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم کی جانب سے جنوبی پنجاب میں مزید صوبے بنانے اور صوبہ ہزارہ کیلئے اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے تشکر کرنے کے لئے سرائیکی اور ہزاروال کمیونٹی سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد نائن زیرو پر موجود تھی۔