2 جنوری 2012
وقت اشاعت: 12:54
صدر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی رپورٹ مسترد کردی
اے آر وائی - صدر آصف علی زرداری نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی کے بارے میں محکمہ آب پاشی کا دعویٰ مسترد کردیا۔ انہوں نے صوبائی وزیرنادر مگسی کو اڑتالیس گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاؤس کراچی میں اجلاس کے دوران بتایا گیا متاثرہ علاقوں سے پچاس فیصد پانی نکال دیا گیا ہے۔ صدر نے محکمہ آب پاشی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا انہیں جو اطلاعات ملی ہیں اس کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اب بھی کافی پانی موجود ہے ۔ کینالوں کی لائننگ اور ڈرینج سٹم کیلئے ستتر ارب روپے مالیت کے پروگرام پر صدر کا کہنا تھا ایسے منصوبے بنائے جائیں جو اپنے وسائل سے مکمل کیے جاسکیں ۔
صدر کو بتا یا گیا پاکستان کارڈ کی مد میں اب تک نو ارب روپے متاثرین میں تقسیم کئے گئے۔ دوسرے مرحلے میں چودہ ارب روپے کی لاگت سے سیلاب متاثرین کیلئے ساڑھے تین لاکھ مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ صدر زرداری نے متاثرہ علاقوں میں زراعت کو فعال بنانے کی ہدایت کی۔