4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 9:13
پیر پگاڑا کا علالت کے دوران مریدوں کو پہلا دیدار
اے آر وائی - حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگاڑا نے بدھ کی دوپہر علالت کے دوران اپنے مریدوں کو پہلا دیدارکرایا۔ وہ پچھلے 41 دنوں سے کراچی کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق انہیں پھیپھڑوں کا انفیکشن ہے جس پر کنٹرول کی غرض سے انہیں لندن منتقل کئے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔
صحت یابی کی غرض سے بدھ کی صبح پیر صاحب پگاڑا کو وہیل چیئر پر اسپتال کے احاطے میں کچھ دیر کے لئے لایا گیا۔ اس دوران ان کے درجنوں مرید اسپتال میں موجود تھے ۔ ادھر سندھ بھر میں ان کی صحت یابی کے لئے ناصرف دعائے صحت کی گئی بلکہ قرآن خوانی بھی کی گئی۔
پیر صاحب پگاڑا سندھ میں آباد ہزاروں حروں کے روحانی پیشوا ہونے کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ بھی ہیں۔ انہیں ملک کی تمام سیاسی جماعتیں سینئر ترین اور منجھے ہوئے بزرگ سیاستدان تصور کرتی ہیں۔ شاید ہی کوئی سیاسی جماعت اور اس کا سربراہ ایسا ہو جو پیر صاحب پگاڑا سے ملنے کبھی کراچی نہ آیا ہو۔ پیر صاحب کراچی میں مقیم ہیں اور ان کے گھر کنگری ہاوٴس کو سیاست خاص کر سندھ کی سیاست کا مرکز خیال کیا جاتا ہے۔
پیر صاحب اپنے زعفران زار بیانات اور سیاسی پیشگوئیوں کے حوالے سے بھی پورے ملک میں مشہور ہیں اور اکثر صحافی ان سے پیشگوئیاں جاننے کی غرض سے ان سے رابطے میں رہتے ہیں۔