5 جنوری 2012
وقت اشاعت: 6:41
حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا علاج کیلئے لندن روانہ
اے آر وائی - حروں کے روحانی پیشوا پیر پگاراعلاج کیلئے رائل ایئرایمبولینس کے ذریعے لندن روانہ ہوگئے۔ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی۔ جام مدد علی ، امتیاز شیخ اور ڈاکٹروں کی ٹیم بھی ان کے ساتھ ہے۔پیر صاحب پگارا کی طبیعت کچھ بہتر ہونے پر ڈاکٹرز نے انہیں علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔
آج صبح پیر صاحب پگارا کو ایمبولینس کے ذریعے نجی اسپتال سے ایئرپورٹ لایا گیا جہاں سے وہ رائل ایمبولینس کے ذریعے براستہ استنبول لندن روانہ ہوئے۔ اس موقع پر اسپتال اور ایئرپورٹ پر پیر پگارا کے مریدوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔
جیٹ طیارے کے ٹیک آف کے وقت ایئرپورٹ پر عقیدت اور جذبات سے بھرپور مناظر دیکھے گئے۔ مریدوں نے اْن کی صحت کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
پیر صاحب چوبیس نومبر سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں اْن کا آپریشن کیا گیا تھا جس سے انفیکشن پیدا ہوا اور جو کنٹرول نہیں ہوسکا۔ طبیعت سنبھلنے پر ڈاکٹروں نے حروں کے روحانی پیشوا کو لندن منتقل کرنے کی اجازت دی۔ پیر پگارا کے بیٹے اور فنکشنل لیگ کے رہنما صدر الدین شاہ راشدی والد کے علاج کے انتظامات کیلئے پہلے سے ہی لندن میں موجود ہیں۔