5 جنوری 2012
وقت اشاعت: 16:24
باجوڑ: اغوا ہونے والے سترہ نوجوانوں کو طالبان نے رہا کردیا
اے آر وائی - پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والے سترہ نوجوانوں کو طالبان نے رہا کردیا ہے۔ ان نوجوانوں کو عیدالفطر پر اس وقت طالبان نے اغوا کیا تھا جب وہ تفریح کرتے ہوئے سرحد پار کر گئے تھے۔
باجوڑ ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ کے ایک اہلکار یعقوب نے سترہ نوجوانوں کی رہائی کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ قبائلی عمائدین کی کوششوں کے باعث ان نوجوانوں کی رہائی ممکن ہوئی ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے سرحد کے اوپر ایک سرسبز و شاداب پہاڑی سلسلے میں عیدالفطر کی خوشی منانے والے درجنوں بچے غلطی سے افغان سرحد کے اس پار چلے گئے تھے۔ ان میں سے اٹھائیس بچوں کو طالبان نے پکڑ لیا تھا۔ غلطی سے سرحد پار کرنے والے بچوں میں کئی بچے بھاگ کر واپس آنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔