تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 5:51

موسم کا حال :زیارت میں 6 انچ برفباری ، پنجاب میں دھند

اے آر وائی - کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔زیارت میں چھ انچ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے ۔ کوئٹہ کے علاوہ چمن،خانوزئی ،پشین ،بوستان ،کان مہترزئی اور دیگر بالائی علاقوں میں دوروز قبل شروع ہونے والا ہلکی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔



ادھر چمن میں کوجک اور خواجہ عمران کی پہاڑیوں پر برفباری کے علاوہ زیارت میں بھی پہاڑوں پر برفباری ہوئی جہاں پہاڑی علاقوں میں چھ انچ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے ،کوئٹہ اور نواحی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی مختلف علاقوں میں گیس پریشر کم ہونے کی شکایات بھی سامنے آنے لگی ہیں۔



دوسری جانب پنجاب میں دھند میں کمی کے بعد باعث موٹر وے کو شیخوپورہ سے پنڈی بھٹیاں تک کھول دیاگیا ہے۔ موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق دھند میں کمی کے بعد موٹر وے کو کھولا گیا ہے۔ فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ایم تھری سیکشن بھی کھول دیاگیا ہے۔ رات گئے موٹر وے پولیس نے شاہراہ پر حادثات سے بچنے کے لیے ایم ٹو سیکشن کی ٹھوکر نیاز بیگ سے پنڈی بھٹیاں تک تمام انٹرچیجز بند کی تھیں۔ گاڑیوں کو موٹر وے پولیس کی سربراہی میں جی ٹی روڈ سے قافلوں کی صورت میں منزلوں تک پہنچایا گیا۔



محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔پشاور میں ٹھنڈی ہواوٴں کے ساتھ بارش بھی ہوئی ۔ مری اور گلیات سمیت شمالی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ آئندہ چندروزتک جاری رہے گا۔ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر مزید برف باری کا سلسلہ جاری رہے گا۔



راولپنڈی، بہاول پور، سکھر، ملتان اور لاہور میں صبح کے اوقات دھند کا سلسلہ برقرار رہے گا۔ ملک کے بیشتر علاقے شدید سرد ہواوٴں کی لپیٹ میں ہیں۔ اسکردو میں درجہ حرارت منفی آٹھ ، مری میں منفی چار اور گلگت میں منفی دو سینٹی گریڈ تک گرگیا ہے۔پشاور کے مختلف علاقوں میں رات کے وقت بارش بھی ہوئی ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.