6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 9:56
ایبٹ آباد: تحریک صوبہ ہزارہ، دوسرے روز بھی احتجاج جاری
اے آر وائی - قومی اسمبلی میں نئے صو بوں سرائیکی اور ہزارہ کے قیام کے حوالے آج رائے شماری ہو رہی ہے تو دوسری جانب ہزارہ ڈویثرن کے صدر مقام ایبٹ آباد میں تحریک صوبہ ہزارہ کی جانب سے آج دوسرے روز بھی صوبہ ہزارہ کے قیام کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
ایبٹ آباد کے فوارہ چوک میں تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ جاری ہے جس کے باعث شاہراہ ریشم مکمل طور پر ٹر یفک کیلئے جام ہو کررہ گئی ہے، مظاہرین صوبہ ہزارہ کے قیام کے حق میں نعرے بازی کر رہے ہیں۔
مظاہرین نے ٹائر نذ ر آتش کرکے صوبائی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی، احتجاجی مظاہرہ کا مقصد ممبران اسمبلی پر دباؤ ڈالنا ہے کہ وہ رائے شماری میں صوبہ ہزارہ کی حمایت کریں، تحریک صوبہ ہزارہ نے گزشتہ روز بھی ہزارہ ڈویثرن میں مکمل پہیہ جام ہرتال کی تھی۔
تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حید ر زمان کا کہنا ہے کہ اگر اسمبلی میں صوبہ ہزارہ کی حمایت نہ کی گئی تو ہزارہ ڈویثرن کو غیر معینہ مدت کیلئے جام کر دیا جائے گا۔