9 جنوری 2012
وقت اشاعت: 12:58
چائلڈ رائٹس بل قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش ہوگا
اے آر وائی - قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے حقوق اطفال نے چارٹر آف چائلڈ رائٹس بل دو ہزار دس میں بعض ترامیم کے ساتھ متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں بل پیش کردیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے حقوق اطفال نے چائلڈ رائٹس بل کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل بہت پہلے منظور ہوجانا چاہیے تھا ۔ آج تک ملک میں چائلڈ رائتس کے نفاذ اور حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقدامات کے لیے کوئی ادارہ یا مجاز اتھارٹی نہ تھی۔ بین الاقوامی ضابطوں اور معاہدوں کے تناظر میں حکومت پاکستان پر یہ لازم ہے کہ وہ تحفظ اطفال کے حوالے سے موثر قانون سقازی کرے۔
اٹھارویں ترمیم میں صوبوں کو اختیارات کی منتقلی کے بعد اب یہ کام صوبوں کی ذمہ داری ہے مگر کمیٹی نے موجود بل کے ذریعے تحفظ اطفال کے حوالے سے قانون سازی کے لیے پیمانے طے کردیے ہیں جس کی روشنی میں صوبے قانون سازی کرسکیں گے۔ بچوں پر جنسی تشدد کے حوالے سے قانون سازی کے لیے بل پرخصوصی طور پر کام کیا گیا ہے۔