تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 21:25

پشاور: آرمی اسکول پر حملہ، شہدا کی تعداد 137ہوگئی

جیو نیوز - پشاور......... ورسک روڈ پر آرمی پبلک اسکول پر دہشتگرد حملے میں بچوںسمیت 137 افراد شہید اور 245 سے زائد زخمی ہوگئے، واقعے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے۔ پشاور میں اسکول پر حملے کے بارے میں عینی شاہد نے بتایا کہ حملہ آوروں نے عمارت میں داخل ہونے سے پہلے اپنی گاڑی بھی جلادی،عینی شاہد سے بات کرنے کے دوران اسکول کے اندر سے فائرنگ کی آوازیں بھی آتی رہیں۔پھول جیسے بچوں کو سفاک دہشت گردوں نے خون میں نہلادیا۔ ان کے والدین دکھ سے نڈھال نظر آئےلیکن کچھ والدین کا حوصلہ بھی دیدنی تھا، ایک شخص کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ بیٹے نے شہید ہو کر پوری کلاس کو بچالیا۔ اسکول سے بچ کر نکلنے والے بچوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے اسکول کے ہال میں گھس کراندھا دھند فائرنگ کی،کچھ دہشت گردوں نے عمارت کے دیگر حصوں کا رخ کیا۔ پشاور اسکول سانحہ نے ہر آنکھ اشکبارکردی۔کئی خواب بکھرگئے، بدترین واقعے نے پوری قوم کوسوگوارکردیاہے۔ کوئی ڈاکٹربننا چاہتاتھاتوکوئی انجینئر،کوئی فوج میں جا کر ملک وقوم کی خدمت کرنا چاہتا تھا توکوئی وزیراعظم بننے کی خواہش رکھتاتھا۔ یہی وہ معصوم خواب تھے جوقوم کے معمارہرصبح اپنی آنکھوں میں سجائے اسکول کارخ کیاکرتے تھے،لیکن دہشتگردوں نے تواس درس گاہ پر ہی حملہ کردیا۔ ایک نسل کوہی ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان معصوموں کا قصورکیاتھا؟کتنی ہی ماؤں کی گودیں اجڑگئیں۔با پ کے خواب چھلنی ہوگئے۔بہن بھائیوں سے ان کے سہارے چھین لئے گئے۔ شاید ہی کوئی سوچ بھی سکتاتھاکہ دشمن ایسا وار بھی کرسکتاہے۔ جنگ میں بھی بچوں اورخواتین کو نشانہ نہیں بنایاجاتا ، یہ تو پھر بھی وطن عزیز ہے،اپنی سرزمین ہے،اپنی درس گاہ اوراپنے پھول سےبچےجو اسی درس گاہ میں دن کا آغازخداوند کریم کے نام سے کرتے تھے، جہاں انسانیت کا درس دیا جاتاہے، جہاں جہالت کا اندھیرا دورکرنے کا پیغام دیاجاتاہےلیکن ان دہشتگردوں نے توعلم کی شمع ہی گل کردی۔ دہشتگرد شاید نہیں جانتے کہ آج کے بدترین واقعے میں بہادربچےشہادت کا رتبہ پاکر آج سرخروہوئے۔ دہشت گردوں نے پھولوں کے شہر پشاور میں 100 سے زائد ماؤں سے ان کے پھول چھین لیے، اپنے لخت جگر کو علم حاصل کرنے کے لیے بھیجنے والی ماؤں کو کیا خبر تھی کہ آج کے بعد وہ اپنے بچوں کو دیکھنے کے لیے ترس جائیں گی،پوری قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.