تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 3:5

صحافیوں کو آرمی پبلک اسکول پشاور کا دورہ کرایا گیا

جیو نیوز - پشاور........آج میڈیا کو پشاور کے اس اسکول کا دورہ کرایا گیا،جہاں کل ظلم و بربریت کی داستان رقم کی گئی، اندرونی منظر دیکھنے کے بعد کوئی بھی سمجھ سکتا ہے کہ کل ان معصوموں پر کیا قہر ڈھایا گیا۔ یہ ہے پشاور کا آرمی پبلک اسکول ،جہاں کل تک قوم کا مستقبل بنانے والے معماروں کی صدائیں گونجا کرتی تھیں،لیکن آج یہ شہر خاموشاں ہے،ایک تباہ حال عمارت ، اس اسکول کی ہر در ودیوار بین کر رہے ہیں۔کل جو خون کی ہولی یہاں کھیلی گئی،آج اس کی کہانی اس اسکول کا چپ چپہ بتارہا ہے۔کوریڈورز، کلاس رومز سب کل ہونے والے ظلم کی داستان سنا رہے ہیں۔ بکھری ہوئی کتابیں بتا رہی ہیں کہ ان طالبعلموں کو سنبھلنے کا موقع بھی نہیں ملا۔کلاس رومز میں جوتے بکھرے ہیں،جو شاید وہاں سے بھاگنے کی کوشش میں کسی طالبعلم کے رہ گئے۔ دیواروں پر گولیوں کے نشان بتا رہے ہیں کہ کیسے ان وحشی بھیڑیوں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے معصوموں کی جانیں لیں اور یہ ہے وہ مین آڈیوٹوریم،جس کا دروازہ توڑ کر دہشت گرد اندر داخل ہوئے اور کسی ایک کو بھی نہ چھوڑا، لاشوں پر لاشیں گرائیں۔ یہ ہے آڈیٹوریم کا وہ کونہ جہاں ٹیچرز اور انسٹرکٹر کھڑے تھے، دہشت گردوں نے ان کے ساتھ بھی بہیمانہ سلوک کیا۔ آگے چلیں تو پرنسپل آفس آتا ہے، اس کے مناظر بھی کچھ مختلف نہیں، ان دہشت گردوں نے یہاں بھی کوئی چیز صحیح سلامت نہیں چھوڑی۔ ایڈمنسٹریشن بلاک جنگ کا میدان لگ رہا ہے، دھماکوں سے ہونے والے شگاف، ٹوٹے ہوئے شیشے،سب کل ہونے والے اس المیے کو بیان کر رہے ہیں،اب اس عمارت میں تباہی کے علاوہ کچھ باقی نہیں، ہے توبس یہاں گزرے پل اور یادیں،جو پل پل تڑپاتے رہیں گے،جانے والے یاد آتے رہیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.