تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 3:5

سانحہ پشاور کا دنیا بھر میں تذکرہ، عالمی میڈیا کی خصوصی کوریج

جیو نیوز - نیویارک.........سانحہ پشاور کا دنیا بھر میں تذکرہ ہے، عالمی میڈیا نے اس کو خصوصی کوریج دی ہے، پاکستان کے اسکولوں کی طرح بھارت کے اسکولوں میں بھی سانحہ پشاور کے غم میں شریک طلبا نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔دہشت گردوں کے حملےنے جہاں کئی ماؤں کے لعل چھین لیے، درجنوں کو زخمی کردیا۔ وہیں ہر ایک انسان کے دل کو گہری چوٹ پہنچائی ، آج اسی سانحے کی یادمیں بھارت کے اسکولوں میں وزیراعظم نریندر مودی کی ہدایت پر دومنٹ کی خاموشی اختیار کی۔ طلبا اور اساتذہ نے اسے بزدلانہ حملہ کہا اور مذمت کی، بھارت کی پارلیمنٹ میں بھی پشاور کے المناک واقعے پردو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ گزشتہ روز گجرات کےکئی اسکولوں میں بچوں نے منہ پر سیاہ پٹی باندھی اور دہشت گرد حملے کی مذمت کی۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ پاکستان میں طالبان کی جانب سے بچوں کے قتل پر دنیا بھر میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ نیویارک ٹائمز نے لکھا کہ طالبان نےپہلے ایک ہزار سے زائد اسکولوں کو جلایا، علم کی شمع روشن کرنے والی ملالہ پر حملہ کیا اور اب اسکول پر حملہ کرکے 145افراد کی جان لے لی، یہ لوگ تعلیم کے دشمن ہیں،سی این این نے ایک طالبعلم کے حوالےسے لکھا کہ دہشت گرد حملے کے وقت بچے سہم کر بینچوں کے نیچے چھپ گئے، طالبان نے اللہ اکبر کے نعرے لگائے اور کہا کہ بچوں کو مار دو۔ ڈیلی میل کا سرورق سانحہ پشاور کی عکاسی کررہا تھا، جس میں سوال اٹھایاگیا کہ خاتون ٹیچر کو زندہ جلادینا اور بچوں کا قتل عام ،کیا ملالہ کو نوبل انعام ملنے کاانتقام ہے؟؟ گارڈین نےاس حملے میں بچ جانے والوں کے احساسات ان کے درد کو ہیڈ لائن اسٹوری بنائی اور ایک بچے کا یہ جملہ لکھا کہ میں نے موت کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ اسکائی نیوز نے لکھا کہ دہشت گردوں کے خونی اورجان لیواحملے کے بعدپاکستان میں سوگ کے دن شروع ہوگئے ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے اسے قومی سانحہ قراردےکر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیاہے۔ ہر چینل ہر اخبار کی شہ سرخی پشاور خون سے آلودہ نظر آئی۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے لکھا کہ سانحہ پشاور پر پوراپاکستان سوگوار ہے، ملک بھر میں تین روزہ سوگ شروع ہوگیا ہے۔ چین کے نیوز چینل سی سی ٹی وی نے بھی سانحے کو بھرپور کوریج دی، روسی ٹی وی بھی دنیاکو ہلادینے والے اس بدترین سانحے کو دکھاتا رہا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.