تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 3:5

سانحہ پشاور کے دکھ میں کراچی کے بچے بھی شریک ہوئے

جیو نیوز - کراچی.........سانحہ پشاور میں 130 سے زائد اسکول کے بچوں کی شہادت پر آج پورا ملک کی فضا سوگوار رہی، کراچی میں بھی اسکول تو کھلے مگر بچوں کا سوال تھا کہ دہشت گردوں نے ان معصوموں کی جانیں کیوں لیں، ان کا کیا قصور تھا۔ پاکستان آئے دن کسی نئے سانحے سے گزرتا ہےلیکن گزشتہ روز پشاور میں دہشت گردوں نے ہولناکی اور سفاکی کی نئی تاریخ رقم کی جب انہوں نے بیدردی سے آرمی پبلک اسکول کے 132 بچوں سمیت 141 افراد کو شہید کرڈالا، بزدل دہشت گردوں نے ملک کے مستقبل ، قوم کے دلوں پر وار کیا، دن ڈھلے تک یونیفارم میں خوشی خوشی اسکول جانے والے اپنے ہی خون میں نہائے خاموشی کی تصویر بنے پہنتے رہے۔ اس المناک واقعے نے پورے ملک کو دہلا ڈالا وہیں آج ہر شہر ہر گلی میں سوگ کی کیفیت ہے۔ اس موقع پر اسکولوں میں ہونے والی اسمبلی میں ماحول بھی سوگوار نظر آیا۔ اسکول آنے والے بچوں نے اپنے شہید دوستوں اور بھائیوں کے لئے دعائیں کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گرد ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ اس سانحے پر بچوں کے ساتھ ان کے اساتذہ بھی باہمت نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ہمارے ملک کے مستقبل پر ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا نہ ہی ہماری ہمت توڑ سکتا ہے۔ سانحہ پشاور پر جہاں اس ملک کا ہر شہری غمزدہ ہے وہیں معصوم بچوں کے ذہنوں میں یہ سوال بھی ہے کہ دہشت گردوں نےاپنے مذموم مقاصد کیلئے اتنی معصوم جانیں کیوں لیں، کیا وہ ایسی بر بریت سے اس قوم کا حوصلہ توڑ پائیں گے، لیکن آج پوری قوم کا جواب ہے نہیں ہر گز نہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.