تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 3:21

اسکول پر حملہ کرنے والے طالبان نہیں دہشت گرد ہیں:مفتی رفیع عثمانی

جیو نیوز - کراچی.........مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانی نے کہا ہے کہ پشاور میں اسکول پر دہشت گردی کرنے والے طالبان نہیں ظالمان اور دہشت گرد ہیں۔ دارالعلوم کراچی سے جاری ایک بیان میں مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانی اور جامعہ دارالعلوم کراچی کے اساتذہ حدیث و مفتیان ِکرام نے سانحہ پشاور پر خصوصی گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں جو دردناک اور شرمناک واقعہ پیش آیا اس سے ہر انسان کا دل لرز اٹھا بلکہ سچی بات یہ ہے کہ پوری قوم کے اوپر ایک بہت بڑا دھبّا لگ گیا اور جن لوگوں نے یہ حرکت کی وہ درحقیقت طالبان نہیں ہیں، ظالمان ہیں، اگر وہ طالبان ہوتے، علم دین کے پڑھنے والے ہوتے تو وہ کبھی یہ حرکت نہ کرتے، یہ دہشت گرد ہیں جو نہ جانے کس کے اشارے پر مسلمانوں کے خلاف تخریبی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانی نے کہا کہ یہ حرکت تو ایک ادنیٰ درجے کا مسلمان بھی نہیں کرسکتا کیونکہ عین جنگ کی حالت میں جبکہ ہمارے دشمن کافر ہوں اس وقت بھی اسلام کی تعلیم یہ ہے کہ ان کے بچوں اور عورتوں پر ہاتھ نہ اٹھاوٴ، لیکن ان دہشت گردوں نے یہ حرکت کی کہ معصوم بچوں کو درندگی کے ساتھ وحشیانہ انداز میں شہید کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئی قوم جس میں ذرا بھی انسانیت ہو وہ معصوم بچوں پر اپنی بہادری نہیں جتاتی، اللہ تعالیٰ ان دہشت گردوں کا خاتمہ فرمائے ، یہ وقت ہے اس بات کا کہ پوری قوم متحد ہو، تمام سیاسی اور مذہبی تنظیمیں اور جماعتیں اور تمام قومی ادارے، فوج اور حکومت اس بات پر متفق ہوں کہ ان دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے گا اور اس ملک میں ایسے وحشی دہشت گردوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا،نیز اس بات کا سراغ لگایا جائے گا کہ اس دہشت گردی کی اصل ڈور کہاں سے ہل رہی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.