تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 3:53

دہشتگردوں کامقابلہ کرنےکےلیےتمام سیاسی قیادت متحدہوگئی

جیو نیوز - پشاور.......ماحول بدل گیا، پشاور کے اندوہناک واقعہ نے جہاں پوری قوم کو رلا دیا وہیں سیاسی جماعتیں ایک ساتھ مل بیٹھیں ، پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف لائحہ عمل بدل گیا۔پوری سیاسی قیادت نے پہلی بار یکجا ہو کر اعلان کر دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے اور اب اچھے برے طالبان کی تمیز کے بغیر آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ پوری قومی سیاسی قیادت نے قرار دیاہےکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری جنگ ہے،پشاور میں معصوم اور نہتے بچوں کے بربریت کا نشانہ بننے کے بعد پوری قومی سیاسی قیادت پشاور کے گورنر ہاؤس میں مل بیٹھی ،سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر یہ سوچ بچار کی گئی کہ دہشت گردی کا خاتمہ کیسے کرنا ہے ، ہرپہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیاگیا۔وزیراعظم کہتے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس تباہ ہو گئے ہیں ،بزدلانہ حملوں سے قوم کا دہشت گردی کے خاتمےکا عزم متزلزل نہیں ہو سکتا ، اب اچھے اور برے طالبان کی تمیز کے بغیر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ہم نے اس عزم واستقلال کو دہراتے ہوئے طے کیاہےکہ جنگ کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ایک بھی دہشت گرد باقی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ قومی سیاسی قیادت نے فیصلہ کیاہےکہ پارلیمانی و سیاسی نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بناکر ایک ہفتےمیں نیشنل ایکشن پلان تیار کیاجائےگا اور اس پر فوری عمل ہوگا۔نیشنل ایکشن پلان کی تیاری کے لیے کمیٹی بنائیں گے جس میں تمام سیاسی جماعتوں اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندےشامل ہوں گے،منظوری کےبعد فوری عمل درآمدہوگا۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے معاملے پر وہ حکومت کے ساتھ ہیں،بچوں کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا ، اب وقت آگیاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہرصورت جیتی جائے۔قومی سیاسی قیادت نے فیصلہ کیاہےکہ دہشت گردعناصر کو فوری سزادلانے اور اس پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی قوانین کو مزید موثر بنایا جائے گا ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.