24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 3:53
اصغر عباس کی موت کی ذمہ دار مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے، الطاف حسین
جیو نیوز - لندن.........چنیوٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کے ضلعی سینئر نائب صدر اصغر عباس کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، الطاف حسین نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے اصغر عباس کی موت کی ذمہ دار مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے، ٹارگٹ کلنگ بنداورقاتل گرفتارنہ ہوئےتواحتجاج ہوگا۔ پولیس کے مطابق اصغر عباس کو ان کے گھر کے باہر گھات لگائے نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے نشانہ بنایا، ڈی پی او عبدالقادر کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں قاتلوں کی گرفتاری کےلئے ٹیم تشکیل دے دی ہے ۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصغر عباس کی شہادت تحریک کا بہت بڑا نقصان ہے ، اصغر حسین کی شہادت پر میں اور تمام کارکن سوگواروں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اصغر عباس کا قتل طالبان ،اس کی ہمدرد لشکر جھنگوی اور دیگر کالعدم تنظیموں کی مشترکہ کارروائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ طالبانائزیشن کے خلاف آواز اُٹھانے پر ایم کیو ایم کے عہدیداروں اورکارکنوں کو نشانہ بنایاجارہا ہے ۔ اور وزیراعلیٰ شہباز شریف ، مقامی پولیس اور انتظامیہ سے رپورٹیں طلب کرنے سے زیادہ کچھ نہیں کررہے ۔ اس کے علاوہ، متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام صوبہ سندھ ، پنجاب ،خیبرپختونخوا ،بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں سانحہ پشاور کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور شہدا سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔