تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 7:24

دہشتگردی کیخلاف ایکشن پلان ،پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

جیو نیوز - اسلام آباد.......دہشت گردی کے خلاف ایکشن پلان کی تیاری کےلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا۔ شاہ محمود قریشی ، آفتاب شیرپاؤ ، افراسیاب خٹک ، شیخ رشید، صاحبزادہ طارق اللہ ، پرویزالہیٰ کے نام سامنے آگئے ۔ وزیر داخلہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس آج ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں نے دہشت گردی کے خلاف ایکشن پلان بنانے والی پارلیمانی کمیٹی کے لئے نام دینا شروع کر دئیے۔تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی کا نام تجویز کر دیا۔ انسداد دہشت گردی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل سہ پہر چار بجے طلب کر لیا گیا ہے۔آل پارٹیز کانفرنس کے اعلان کے مطابق انسداد دہشت گردی پارلیمانی کمیٹی میں نمائندگی کے لئے پارلیمنٹ میں موجود سیاسی جماعتوں نے نام دینا شروع کر دئیے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے شاہ محمود قریشی کا نام دیا گیا ہے جبکہ اے این پی نے سینیٹر افراسیاب خٹک کا نام تجویز کیا ہے۔جماعت اسلامی کی طرف سے صاحبزادہ طارق اللہ نمائندگی کریں گے جبکہ قومی وطن پارٹی سے آفتاب شیر پاؤ اور مسلم لیگ ض کے رکن اعجاز الحق پارلیمانی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ایم کیو ایم کے پارلیمانی رہنما رشید گوڈیل نے رابطہ پر بتایا کہ حکومت کی طرف سے نام کے لیے ابھی تک ان سے رابطہ نہیں کیا گیا،جب رابطہ ہو گا تو ایم کیو ایم نام تجویز کر دے گی۔ذرائع کے مطابق فاٹا کی نمائندگی غازی گلاب جمال کر سکتے ہیں تاہم فاٹا ارکان میں تقسیم کے باعث دو ارکان بھی شامل کئے جا سکتے ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید اور پاکستان مسلم لیگ ق کے چودھری پرویز الہی کمیٹی کا حصہ ہوں گے، سردار کمال خان بنگلزئی نیشنل پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔ذرائع کے مطابق پختونخوا ملکی عوامی پارٹی سے محمود خان اچکزئی کا نام تجویز کئے جانے کا امکان ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر ادخلہ چودھری نثار علی خان کریں گے۔سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنےو الے اداروں کے حکام بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعہ کی سہ پہر چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا ہے جس میں انسداد دہشت گردی سے متعلق ایکشن پلان کی تیاری کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات زیر غور آئیں گی۔کمیٹی کو ایک ہفتے میں اانسداد دہشت گردی ایکشن پلان مرتب کرنا ہے جو تیاری کے بعد وزیر اعظم محمد نوا زشریف کو پیش کیا جائے گا۔حکومتی ذرائع کے مطابق ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتوں کو حتمی طور پر اعتماد میں لینے کے بعد اسے قوم کے سامنے پیش کر کے اس پر فوری عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.