تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 7:24

پشاور کے شہدا کی قربانی کا اثر،قوم پھر سے متحد ہوگئی

جیو نیوز - پشاور.......یقیناً پشاور کے شہدا کی قربانی عظیم ہے جو رائیگاں نہیں جائے گی ، اسی قربانی کا اثر ہے کہ جس نے اختلاف کو ختم کرکے قوم کو پھر سے متحد کردیا ہے ۔ شہدا کے پاک لہو نے ملک میں انقلاب برپا کردیا۔ قوم میں نئی روح پھونک دی ۔ جو باہم د ست وگریباں تھے، اُنہیں شِیر و شکر کردیا۔ سیاسی قیادت نے سبز پرچم کی سربلندی کےلیے اختلافات کو پیروں تلے روندڈالا۔جیوتو ایسے،یہ ہوتی ہے زندہ قوموں کی نشانی کہ جب بات ملک و قوم پر آئے تو ذات اور مفاد کو پیچھے رکھ کر پانچوں انگلیاں مل کر ایک مٹھی بن جاتی ہیں۔ عسکری قیادت کا عزم اور بھی مستحکم ہوگیا ہے جس نے قوم کے مستقبل پر وار کرنے والوں کو بِلوں سے ڈھونڈ نکالنے اور نشانِ عبرت بنانے کی ٹھان رکھی ہے ۔سیاسی وعسکری قیادت ہی نہیں ساری قوم مشکل کی اِس گھڑی میں ایک ہوگئی ہے، کیا سُنی، کیا شیعہ، مسلم و غیر مسلم سب ہی اِس وطنِ عزیز کی سلامتی کے لیے ہاتھ میں ہاتھ ڈالے اور سینہ سِپر کھڑے ہیں ۔آج ہم ایک قوم ہیں اور ہمارا غم بھی ایک، ایک آواز اور عزم بھی ایک۔ یہ صدقہ ہے ان معصوم شہدا کے پاک لہو کا جن کی قربانی نے قوم میں ایسی حرارت پیدا کی اور انہیں پھر سے ایک لڑی میں پرودیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.