تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 7:50

سانحہ پشاور کی یاد میں لاہور میں اجتماعات، شمعیں روشن

جیو نیوز - لاہور........سانحہ پشاور کی یاد میں لاہور میں شہریوں کی بڑی تعداد مختلف مقامات پر اکٹھی ہوئی۔ شرکاء کی آنکھیں پرنم،چہرے پر بہتے آنسو ہاتھوں میں شمعیں روشن اور زبان پر دعائیہ کلمات کے ساتھ لبوں پر ملی نغمے۔ہاں!آج سب کا دکھ ایک ہے۔کون ہے جوسانحہ پشاور پر افسردہ نہیں؟کون ہے جس کی آنکھ اس کا غم بتانے سے قاصر ہے؟بچوں کے چہرے بھی ساتھیوں کی شہادت پر غمناک۔سب اس المیے کی مذمت کے لیے مختلف جگہوں پر اکٹھے ہوئے۔قومی پرچم اٹھائے،ہاتھوں میں شمعیں لئے اپنے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہر عمر کے سوگواران، پشاور میں قربان ہونے والے پھولوں کےلئے کوئی گلدستے لے کر آیا تو کوئی پھولوں کی پتیاں۔ آج سبھی ایک قوم بن کر جمع ہوئے۔ سبز ہلالی پرچم کے سائے میں۔پشاور کےنو عمر شہداء کے غم میں سبھی کی آنکھیں نمناک۔ غصے اور دکھ کا اظہا ر، خون کو گرما دینے والے نعرے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے کے جذبے سے سرشار۔ اپنے ننھے، پیارے، نرم نازک پھولوں کی قربانیوں کی یاد میں جب ہاتھ دعا کے لئے اٹھے تو جذبات قابو میں نہ رہ سکے آنسو ؤں کی لڑی بن گئے۔سبھی کے لبوں پر متحد ہونے کا مطالبہ ہے،دہشت گردی اب بس۔ سبھی پر عزم دہشت گردوں کے لیے کوئی رحم نہیں، اب مستقبل کی معماروں اور ماؤں کے جگر گوشوں کی قربانیاں نہیں ہوں گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.