24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 8:22
اسکول پر حملہ کرنے والے دہشت گرد ہار گئے، بچے نہیں ڈرے
جیو نیوز - پشاور..........اسکول پر حملہ کرنے والے دہشت گرد ہار گئے، بچے نہیں ڈرے، بڑوں کے حوصلے بلند ہوگئے، بہادر قوم اٹھ کھڑی ہوئی، سیاست دان متحد ہوگئے، شہر شہر طلبہ کی ریلیاں، علم کی شمع سے محبت کرنے والے ننھے شہیدوں کی یاد میں شمعیں روشن،اسکول پر حملہ کرنے والے دہشت گرد ہار گئے، بچے نہیں ڈرے، کچھ بہادر شہید ہوگئے، جو زندہ ہیں وہ دہشت گردوں سے لڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔پھولوں اور خوشبوؤں کے دیس جانے والوں کو سلام،اپنے لہو سے چراغ جلانے والوں تمہیں سلام،نہ تم ہم سے الگ،نہ ہم تم سے جدا،آرمی پبلک اسکول پشاور کے درو دیوار خاموش ،لیکن غم اور درد کی شدت سے دل پھٹنے کو ہے،اپنے ساتھیوں کی یادوں کے دیے دلوں میں جلائے ان بچوں کی آنکھوں سے آنسوؤں کی جھڑی چھلکنے کو ہے،وطن کے دشمنوں نے دل توڑا لیکن،حوصلہ،وہ تو آگ اور آہن میں تپ کر کندن ہوچکا،اسی درسگاہ میں علم کی سیڑھیاں طے کریں گے،یہیں سے نکل کر مٹی کا قرض اتاریں گے۔ اگر بتیوں کی خوشبو نے ماحول میں خزاں طاری کردی ہے،پھولوں کی مہک ان ساتھیوں کو ڈھونڈتی ہے، جن کی ہنسی سے فضا مہکا کرتی تھی،جس دیوار پر امتحان میں ٹاپ کرنے والوں کی لسٹ آویزاں ہوتی تھی،وہاں ان بچوں کے ناموں کی فہرست ہے جو زندگی کے سب سے بڑے امتحان میں اول آئے،اپنے ہم جولیوں کو یاد کرتے اس کمسن سپاہی کا عزم ہے کہ وہ ایسے لوٹ کر آئے گا،کہ خوف بھی خوف سے کانپے گا۔آرمی پبلک اسکول پشاور میں چلنے والی گولیوں کے نشان صرف دیواروں پر ہی نہیں ہیں،بلکہ یہ خول اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں کے دلوں کو چھلنی کرگئے ہیں،لیکن سبز ہلالی پرچم کے ہم رنگ یونی فارم پہنے ان بچوں کا عزم ہے کہ راکھ کے ڈھیر سے اٹھیں گے اور جہالت کے شعلوں کو راکھ کردیں گے۔