24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 12:36
رینجرز سے مقابلہ:کراچی میں مطلوب دہشتگرد 3 ساتھیوں سمیت ہلاک
جیو نیوز - کراچی........کراچی کے علاقے ماڑی پور میں رینجرز سے مقابلے کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد عابد مچھڑ اور اس کے تین ساتھی ہلاک ہوگئے۔ کراچی کے علاقے ماڑی پور کی مشرف کالونی میں کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کی اطلاع پر رینجرز نے چھاپا مارا۔ تاہم دہشت گردوں نے رینجرز پر فائرنگ کردی اور دستی بم پھینکے۔ رینجرز اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی اور علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت عابد مچھڑ، خزن گل، عبداللہ اور خوازلت کے نام سے ہوئی ہے۔ مقابلے میں رینجرز کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔ رینجرز ہیڈکوارٹر میں پریس بریفنگ کے دوران کرنل جی ایس طاہر عالم نے مزید بتایا کہ عابد مچھڑ کالعدم تحریک طالبان خان زمان گروہ کا کراچی میں امیر تھا، عابد مچھڑ دو افراد کو ذبح کرنےکے علاوہ پولیس، رینجرز، ایف سی، ایم کیو ایم اور اے این پی کے کارکنوں سمیت ٹارگٹ کلنگ کی 44وارداتوں میں مطلوب تھا۔ عابد مچھڑ نے ہی رینجرز، پولیس، ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں پر بم حملوں کی نا صرف منصوبہ بندی کی بلکہ رکشہ بم سمیت دیگر بم بھی اسی نے بناکر دیئے تھے۔ رینجرز حکام نے مزید بتایا کہ عابد مچھڑ نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر راکٹ حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ اطلاعات کے بعد سندھ بلوچستان کے سرحدی علاقوں کی انٹیلی جنس اور سیکیورٹی میں اضافہ کیا جارہا ہے۔