24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 13:9
سانحہ پشاور کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور
جیو نیوز - اسلام آباد..........سینیٹ نے سانحہ پشاور کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عسکریت پسندوں کے خلاف خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین نیئر حسین بخاری کی زیر صدارت ہوا۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر رضا ربانی نے سانحہ پشاور کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی۔ قراداد میں کہا گیا ہے کہ پشاور میں اسکول کے بچوں کا تحریک طالبان کے ہاتھوں قتل بربریت، غیر انسانی، ظالمانہ اور خوفناک فعل ہے، ایوان اس سانحہ پر رنج کا اظہار کرتا ہے اور وفاق متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ پاکستان کی ریاست، معاشرے اور مستقبل پر حملہ ہے جس کا مقصد خوف پیدا کر کے بچوں کو تعلیم کے حصول سے روکنا ہے، مگر یہ حملہ عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکے گا بلکہ اس واقعے نے ٹی ٹی پی اور اس کے حمایتیوں کے خلاف لڑنے کے لیے قوم کا عزم پختہ کر دیا ہے۔ سینیٹ عسکریت پسندوں کے حمایتیوں کی بھی مذمت کرتا ہے جو قوم کو گمراہ کر کے ہمارے عزم کمزور کرنےکی کوشش کرتے ہیں، قومی سوگ اور ماتم کی اس گھڑی میں سب متحد ہو جائیں، عسکریت پسند پاکستان کے وجود کے لیے خطرہ ہیں لہٰذا ہمیں مکمل اتحاد ، نظریات اور حکمت عملی میں واضح ہونے کی ضرورت ہے، دہشت گردی، مذہبی انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے مضبوط اور فعال جمہوریت ضروری ہے۔ سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ تحریک طالبان اور عسکریت پسندوں کو تباہ کرنے اور پاکستانی معاشرے کے تحفظ کے لیے خون کے آخری قطرہ تک لڑیں گے۔ سینیٹ میں سانحہ پشاور کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اس کے بعد ایوان بالا کا اجلاس سانحہ پشاور کے سوگ میں پیر کی سہہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔