24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 17:26
سانحہ پشاور کے بعد دہشتگردوں کیخلاف کارروائیوں میں شدت آگئی
جیو نیوز - پشاور........ سانحہ پشاور کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پشاور اور اس کے نواحی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں شدت دیکھنے میں آئی ہے۔ اسی سلسلہ میں خیبر پختونخواپولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران متھرا اور ایف آر پشاور کے علاقہ میں سات دہشت گردوں کو ہلاک کیا ۔کارروائیوں میں ایک سب انسپکٹر اور ایف سی لانس نائیک شہید ہوئے۔آرمی پبلک اسکول میں دہشت گرد حملے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کےخلاف منظم کارروائیاں کیں۔ حسن خیل ایف آر پشاور کے قریب پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جن میں مصطفیٰ عرف منان بھی شامل ہےجو آرمی پبلک اسکول پر حملے کرنےوالے عمر عرف نرے نامی خودکش حملہ آور کا بھائی تھا۔ دوسرے دہشت گرد کی شناخت ہدایت عرف سلیم کے نام سے ہوئی ہے۔