24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 19:3
جی ایس پی پلس کیلئے سزائے موت والی بات شرط نہیں، گورنر پنجاب
جیو نیوز - لاہور.........گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہےکہ جی ایس پی پلس کے لئے سزائے موت والی بات شرط نہیں ہے، آج دنیا میں افراتفری، خونریزی کی بنیادی وجہ عدل و انصاف کا نہ ہونا ہے اور پاکستان میں عدل و انصاف کا نام و نشان نہیں۔لاہور کے مقامی ہوٹل میں سانحہ پشاور کےلیے تعزیتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، میاں محمود الرشید، منظور وٹو اورزعیم قادری سمیت مختلف مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں شہدا کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اپنے خطاب میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھاکہ سانحہ پشاور کا پتہ چلا تو سب سے پہلے ہنگو کا اعتزاز حسن یاد آیا جس نے اپنی جان دے کر ایک ہزار بچوں کو بچایا، اپنے اداروں کو اتنا مضبوط نہیں بنا سکے کہ لوگوں کو انصاف مل سکے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھاکہ پشاور ایک کربلا بنا دیا گیا ہے، دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،دشمن نے عالم اسلام پر ایک جنگ مسلط کی ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا وقت آ گیا ہے، سب کو سیاسی اختلافات چھوڑ کر ایک ہونا ہو گا۔ کانفرنس سے صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن شفقت محمود چوہان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کر کے دم لیں گے۔