24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 20:25
نیشنل گرڈکی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ،کراچی کو بجلی کی فراہمی معطل
جیو نیوز - کراچی.......کراچی ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تاریکی میں ڈوب گیا۔ تقریباًتمام علاقوں میں اچانک بجلی غائب ہوگئی ،پولیس کا وائرلیس سسٹم متاثر۔کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ سے آنے والی ٹرانسمیشن لائن میں ٹرپنگ کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، بحالی کا وقت نہیں بتاسکتے ، شہر قائد رات گئے اندھیرے میں ڈوب گیا ۔ ڈیفنس،کلفٹن، کورنگی، لانڈھی، قائد آباد، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ایف بی ایریا، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، شاہ فیصل کالونی، ڈرگ روڈ، کارساز، صدر، جیکب لائن،لیاری، گارڈن، کھارا در، میٹھادر،ٹاور سمیت تمام علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔عباسی شہید ،، جناح اور سول اسپتالوں میں بجلی منقطع ہوگئی، جس نے مریضوں کی پریشانی کو مزید بڑھادیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن کے باعث پولیس کا وائر لیس سسٹم بھی بند ہوگیا ، پولیس کو رابطوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ترجمان کے الیکٹرک احمد فراز نے جیو نیوز کوبتایا کہ نیشنل گرڈ سے آنے والی ٹرانسمیشن لائن میں ٹرپنگ کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ۔ ٹرانسمیشن لائن نمی کے باعث ٹرپ ہوئی جس کی بحالی کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں،لیکن بجلی کب بحال ہوسکے گی، حتمی وقت نہیں دیا جاسکتا۔