تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:22

عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم:ملتان میں 5ہزار پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا

جیو نیوز - ملتان...........ملک بھر میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، شہر شہر ریلیاں ، درود و سلام کی محافل، مساجد، گھر ،شاہراہیں سج گئیں ، ملتان میں پانچ ہزار پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا۔ ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی منانے کی تیاریاں عروج پرپہنچ گئی ہیں۔ مساجد،گلی محلے برقی قمقموں سے سج گئے۔ذکر مصطفیٰ کی محافل میں سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی جارہی ہے۔سرورکونین ،سرکاردوعالم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت باسعادت کی خوشی میں چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد کو برقی قمقموں سے سجادیا گیا،ہر طرف سبزجھنڈوں کی بہار ہے۔فضائیں جشن آمد رسول اور سرکار کی آمد مرحبا کے نعروں سے گونج رہی ہیں۔ملتان میں درگاہ چادر والی سرکار کے آستانے پر 5 ہزارپاونڈ وزنی کیک 10 روز میں تیار کیا گیا ، 14 سو کلو مکھن ، 15 ہزار انڈے ، 6 سو کلو چینی ، 3 سو کلو میدہ ، چاکلیٹ ، سیب ، گاجر اور چیری سے بنے اس کیک کی لمبائی 75 فٹ اور چوڑائی 5 فٹ تھی۔ درگاہ کے سجادہ نشین سید علی حسین شاہ اور پیر سید ظفر حسین شاہ جماعتی نے کیک کاٹ کرلوگوں میں تقیسم کردیا۔ چنیوٹ میں آستانہ وادی عزیزشریف میں 63 سو پاونڈ کا کیک تیار کیا جارہا ہے جو بارہ ربیع الاول کو نماز فجر سے پہلے کاٹا جائے گا۔گوجرانوالہ میں دو بھائیوں کی جانب سے 11 سو بکرے بھیڑ اور 200 گائیں ذبح کر کے 2 ہزار سے زیادہ دیگیں تیار کی جارہی ہیں۔ آس پاس کے گاؤں کےلوگ چار ایکڑ پر مشتمل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم دستر خوان پرلنگرکھائیں گے۔بہاول پور میں پاکستان سنی تحریک کی جانب سے بھٹہ نمبر ایک سے فرید گیٹ تک میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ریلی نکالی گئی۔سرگودھا میں استقلال آ با د کا لو نی سے مشعل بردار جلو س نکا لا گیا۔ فیصل آباد،سیالکوٹ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارہ ربیع الاول کی تیاریاں جوش وخروش سے جاری ہیں۔ محافل نعت کا انعقاد کیا جارہا ہے۔حیدر آباد میں مساجد رنگ برنگی قمقموں سے سج گئیں۔سبزجھنڈوں سے گھروں کو سجادیا گیا۔لاڑکانہ،میرپور خاص ،بدین ،ٹنڈوالہٰ یار سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں عاشقان رسول عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاریوں میں مصروف ہیں،ذکر مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی محافل میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر روشنی ڈالی جارہی ہے۔ نواب شاہ میں سنی تحریک کے کارکنوں نے مختلف علاقوں سے ریلی نکالی۔ملک کے دیگر شہروں میں بھی عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم 12ربیع الاول کی تیاریاں عقیدت و احترام کے ساتھ کررہے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.