تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 جنوری 2015
وقت اشاعت: 22:7

دہشت گردوں کی پناہ گاہ مدارس کیخلاف کارروائی کی جائےگی،چوہدری نثار

جیو نیوز - اسلام آباد......وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ فوجی عدالتیں عام شہریوں کے خلاف استعمال نہیں ہوں گی، دہشت گردوں کی پناہ گاہ بننے والے مدارس کےخلاف کارروائی کی جائےگی۔وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کسی سیاسی جماعت میں عسکری ونگ نہیں ہے، فوجی عدالتیں انصاف کی فراہمی کا فورم نہیں ، عدالتی نظام انصاف فراہم کرتارہےگا، ضروری نہیں کہ جو فوجی عدالت میں گیااسےسزابھی ہوگی،یہ کوئی کینگروکورٹس نہیں ہیں۔فوجی عدالتیں صرف دہشت گردوں کے مقدمات سنیں گی عام شہریوں کے نہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں،نیشنل ایکشن پلان پرتیزی سےعمل درآمدجاری ہے،شہری اذان اور خطبہ کے سوا لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال، نفرت انگیز مواد اور مشکوک افراد کے بارے میں 1717 پر اطلاع دیں، فوری کارروائی کی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ جومدارس دہشت گردوں کی پناہ گاہ ہیں یاان کی معاونت کرتےہیں،ان کےخلاف کارروائی کی جائےگی۔ان مدارس کےخلاف کارروائی کی جائےگی جن کےخلاف ثبوت ہیں ۔چوہدری نثار نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ گلیوں تک پہنچ چکی ہے،شہری اپنا کرداراداکریں، لوگ چندہ دینےسےپہلے اطمینان کریں کہ پیساپُرامن مقاصد کے لیے استعمال کیاجائےگا،60سےزائدکالعدم تنظیمیں نام بدل کرکام کررہی ہیں، انہیں ملنےوالی امدادکی کھوج لگالیں گے اور چندہ یا کھالیں بھی اکٹھی نہیں کرنےدیں ۔4برادراسلامی ممالک کی طرف سےفنڈآتےہے،ہم نےان ممالک سےگزارش کی ہےکہ فنڈطریقہ کارکےتحت بھیجیں ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کے اردگرد 2 لاکھ افغان مہاجرین ہیں،سرچ آپریشن کیا جارہا ہے جس کے دوران کئی انکشافات بھی ہوئے ہیں ۔مشکوک قسم کے لوگوں کا تعلق صرف عسکریت پسندوں سے ہی نہیں ، غیر ملکی ایجنسیز سے بھی تھا ۔ چوہدری نثار نے کہا کہ دیگرصوبوں میں بھی افغان مہاجرین کے حوالے سے سرچ آپریشن شروع کیے جائیں، افغان مہاجرین کےلبادےمیں دہشت گردوں کوچھپنے نہیں دیں گے۔افغان مہاجرین پورےملک میں پھیل گئےہیں،تمام صوبےافغان مہاجرین کی رجسٹریشن کریں،پہلےمرحلےمیں افغان مہاجرین کوکیمپوں میں بھیجاجائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک افغان انٹیلی جنس شیئرنگ کے نتیجے میں سانحہ پشاور میں ملوث کئی ملزم گرفتار ہوئے ہیں، وفاق اور صوبوں کےدرمیان انٹیلی جنس شیئرنگ میں بھی بہتری آئی ہےجس کے نتیجے میں 3 ماہ میں 300 سے زائد آپریشن ہوئے ، 100 دہشت گرد مارے گئے، 250 گرفتار ہوئے ۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیاپردہشت گردوں کی آوازختم کرنے کے اقدامات شروع کردیے ہیں ،میڈیا بھی دہشت گردوں کی آوازدبائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.