تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
4 جنوری 2015
وقت اشاعت: 14:46

فوج دہشتگردوں اور سہولت کاروں کیخلاف کارروائی میں مدد کریگی، آرمی چیف

جیو نیوز - پشاور......... آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ فوج دہشتگردوں اور ان کےسہولت کاروں کے خلاف کارروائی کیلئےہرممکن مدد کرےگی، خیبرپختونخواہ اور فاٹا کے عوام دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئےہیں، صوبے بھر سے ہر دہشت گرد اور اس کے سہولت کارو ں کا مکمل خاتمہ کریں گے، آئی ڈی پیز کی واپسی بھی آئندہ ماہ سے شروع ہو جائے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور فوج اور سول انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی کے لیے قائم کی گئی خیبرپختونخواہ کی اعلیٰ سطح کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت گورنر کے پی کے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ ، کور کمانڈر پشاور ، ڈی جی آئی ایس آئی، آئی جی ایف سی اور آئی جی پولیس نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اعلان کیا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران عارضی طور پر بے گھر ہونے والوں کی مرحلہ وار واپسی اگلے ماہ سے شروع ہو گی۔ آرمی چیف کا کہناتھا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے، صوبےکے لوگوں نے ہمت اور حوصلے سے دہشتگردوں کو معاشرے میں تنہا کر دیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد قوم دہشتگردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے متحد ہے،فوج دہشتگردوں اور ان کےسہولت کاروں کے خلاف کارروائی کیلئےہرممکن مدد کرےگی، قومی ایکشن پلان پرعمل درآمد کیلئے فوج مکمل تعاون کرے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج حکومت سے مل کر متاثرین شمالی وزیرستان کی واپسی کیلئے کام کرےگی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.