5 جنوری 2015
وقت اشاعت: 14:11
الطاف حسین 10سال سے کہہ رہے تھے کہ یہ ہماری جنگ ہے: فاروق ستار
جیو نیوز - اسلام آباد.........متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستارنے کہا ہے کہ الطاف بھائی 10سال سے کہہ رہے تھے کہ یہ ہماری جنگ ہے، آج الحمدللہ تمام جماعتیں یہی کہتی ہیں، یہ لوگ ہمارے آئین، ریاست اور قائداعظم کے پاکستان کے دشمن ہیں۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ان لوگوں سے ڈائیلاگ کیا جو آئین اور ریاست کو نہیں مانتے تھے، ہمارے حریف اپنی مرضی کی تہذیب اور اپنی برانڈ کا مذہب 18کروڑ عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات تو تب بھی تھے جب جی ایچ کیو پر حملہ ہوا اور چھوٹے فرقوں پر حملہ ہوا،جنیوا کنونشن اور انسانی حقوق کے عالمی چارٹر کا نفاذ جنگی جرائم میں ملوث افراد پر نہیں ہوتا، ہم منقسم تھے، ہمیں بھی اب اپنی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ منافقین کو اپنی صفوں سے نکالنے اور مسجدِ ضرار بنانے والوں کے چہروں سے بھی نقاب اتارنے کا وقت آ گیا۔