تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 جنوری 2015
وقت اشاعت: 17:56

توہین عدالت کیس میں معافی مسترد، فرد جرم عائد

جیو نیوز - اسلام آباد........بغیر ثبوت الزام لگاؤ، پگڑیاں اچھالو، اپنی گفتگو میں اللہ، قران اور پاکستان کا نام استعمال کرو اور جب عدالت ثبوت مانگے تو پیر پڑ جاؤ اور معافیاں مانگو،ایسا ہوا سپریم کورٹ میں، جب توہین عدالت کیس میں اے آر وائی کے مالک سلمان اقبال اور اینکر مبشر لقمان سے الزامات کے ثبوت مانگے گئے تو ملزموں نے غیر مشروط معافی مانگ لی، عدالت نے معافی مسترد کر تے ہوئے فردِ جرم عائد کر دی۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال اور اینکر مبشر لقمان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے دونوں ملزمان سلمان اقبال اور مبشر لقمان کی غیر مشروط معافی مسترد کرتے ہوئے فرد جرم عائد کر دی۔ جسٹس اعجاز افضل نے دونوں ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی۔ فرد جرم کے مطابق مبشر لقمان اور سلمان اقبال نے اپنے پروگرام میں سپریم کورٹ کے ایک جج کی تضحیک کی اور یہ جان بوجھ کر کیا گیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف آرٹیکل204 کے تحت توہین عدالت کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ سلمان اقبال اور مبشر لقمان نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگ لی ،جسے عدالت نے مستردکردیا۔ دونوں ملزمان نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ایک ہفتے میں فرد جرم پر تحریری جواب جمع کرائیں گے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو کیس میں پراسیکیوٹر مقرر کرتے ہوئے گواہوں کے نام دو ہفتوں میں دینے کی ہدایت کر دی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.