تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
7 جنوری 2015
وقت اشاعت: 13:41

مٹھی میں ایشیا کے سب سے بڑے صاف پانی کے پلانٹ کا افتتاح

جیو نیوز - مٹھی........پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے تھرپارکر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر مٹھی میں 94 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے ایشیا کے سب سے بڑے واٹرفلٹرپلانٹ کا افتتاح کردیا۔ پلانٹ روزانہ 20 لاکھ گیلن کھارے پانی کو میٹھا بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تھر کے صحرا میں پانی کا حصول پہاڑ سے دودھ کی نہر نکالنے کے مترادف ہے ۔ اکثر علاقوں میں پانی ہے ہی نہیں اور جہاں ہے وہاں کے مکین زیر زمین پانی کے نام پہ قطرہ قطرہ زہر پی رہے ہیں ۔قلت آب کے خاتمے کے لئے ماضی میں حکومت نے جو منصوبے شروع کئے وہ یا تو بے نتیجہ رہے یا پھر متنازع بن گئے۔ لیکن اب تھرپارکر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر مٹھی میں 94 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے ایشیا کا سب سے بڑا واٹر فلٹر پلانٹ لگایا گیا ہے، ایک میگا واٹ شمسی توانائی سے چلنے والا یہ پلانٹ روزانہ 20لاکھ گیلن نمکین پانی کو میٹھا بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ اس واٹر پلانٹ سے مٹھی ، اسلام کوٹ ، نوکوٹ اور 80سے زائد دیہات کے لوگوں کو پانی فراہم کیا جائے گا ۔ ابتدائی طور پر 3لاکھ افراد کو صاف پانی ملے گا ۔ مٹھی کو پہلے ہفتے میں ایک بار آدھے گھنٹے کے لیے پانی دیا جاتا تھا لیکن اس منصوبے کی تکمیل سے انہیں بلا ناغہ پینے کا صاف پانی میسر آسکے گا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شمسی توانائی کے اس فلٹر پلانٹ سے تھر کے پیاسے صحرا کی قسمت ضرور بدل سکتی ہے مگر اس کے لئے اہم مقامات پر ایسے مزید منصوبوں کی تعمیر اور ان کی مستقل فعالیت ضروری ہے۔ فلٹرپلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ تھر کے عوام سےوعدہ کیاکہ ان کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا، تھر کے معاشی حالات کو تبدیل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.