7 جنوری 2015
وقت اشاعت: 20:24
کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات، 6 افراد جاں بحق
جیو نیوز - کراچی ........کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات میں دو پولیس اہلکاروں اور ایک فیکٹری منیجر سمیت 6افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس اہلکاروں کو گشت کے دوران نشانہ بنایا گیا جبکہ فیکٹری مینجر کو اختلاف کے باعث اسی فیکٹری کے ایک ملازم نے قتل کیا جو پکڑا بھی گیا۔ نیو کراچی کے علاقے گودھرامیں فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کردیا گیا جس کی شناخت سلیم الدین کے نام سے ہوئی تھی، رابطہ کرنے پر قائم مقام ایس ایس پی سینٹرل چوہدری اسد نے جیو نیوز کو بتایا کہ مقتول مقامی فیکٹری میں منیجر تھا اور دشمنی کے باعث فیکٹری کے ورکر عمیر نے انہیں قتل کیا، عمیر کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمیر کو شناخت کر لیا گیا ہے۔ اس سے قبل نارتھ ناظم آباد میں شاہراہ نورجہاں کے قریب دکان پر فائرنگ کر کے لطیف عبدالکریم نامی شخص کو قتل جبکہ حیدر کو زخمی کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق شخص مذہبی جماعت کا کارکن تھا جبکہ ترجمان اہلسنت و الجماعت کے مطابق مقتول ان کی جماعت کے عہدیدار کے چھوٹے بھائی تھے۔اس سے قبل سہراب گوٹھ کے قریب فائرنگ کر کے موٹرسائیکل پر سوار دو پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا گیا۔ دونوں اہلکاروں کی شناخت پولیس کانسٹیبلز اصغر حسین اور محمد حسین کے ناموں سے ہوئی، دونوں ثمن آباد تھانے میں تعینات تھے اور گشت پر مامورتھے۔ اورنگی ٹاؤن اور لانڈھی میں خاتون سمیت دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں تاہم ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔