8 جنوری 2015
وقت اشاعت: 20:0
طالبان کے حمایتی فضل الرحمان کراچی دشمنی پر اتر آئے ہیں، قمر منصور
جیو نیوز - کراچی .........ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے انچارچ قمر منصور نے کہا ہے کہ طالبان کے حمایتی مولانا فضل الرحمان کراچی دشمنی پر اتر آئے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان آرمی پبلک اسکول پشاور کے بچوں کے اصل قاتل اور ملک میں دہشت گردی کے ذمہ دار ہیں۔مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس کے رد عمل میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اور اراکین پارلیمنٹ نے کراچی میں پریس کانفرنس کی۔رابطہ کمیٹی کے انچارچ قمر منصور کا کہنا تھا کہ صولت مرزا اور اجمل پہاڑی کے حوالے سے ایم کیو ایم اپنا مؤقف پہلے ہی پیش کر چکی ہے، مولانا فضل الرحمان کو طالبان دہشت گرد نظر آتے ہیں نا پولیو ٹیموں پر حملے کرنے والے، صولت مرزا یا اجمل پہاڑی نے نہیں طالبان نے ہزاروں فوجیوں اور شہریوں کو قتل کیا، مولانا فضل الرحمان شہید فوجی جوانوں کے خون سے غداری کر رہے ہیں۔ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان مدارس کے فنڈز کو ذاتی ضروریات کے لئے استعمال کرتے ہیں، ائیر پورٹ پر بھی ان سے ڈالر برآمد ہوتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان جہاد کے نام پر فساد پھیلانے والوں کے سر پرست ہیں بلکہ سانحہ پشاور اور ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے اصل ذمہ دار بھی مولانا فضل الرحمان ہی ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہر حکومت کا حصہ رہنے والے مولانا فضل الرحمان منافقانہ سیاست کرتے ہیں۔ انہوں نے قومی ایکشن پلان کی آرمی چیف کی موجودگی میں حمایت کی، لیکن بعد میں مُکر گئے، حکومت کچھ مراعات دے تووہ 21 ویں ترمیم کی حمایت میں دلائل دینا شروع کریں گے۔