8 جنوری 2015
وقت اشاعت: 20:0
دلہن پر اعتماد لگ رہی تھیں، دلہا شرمارہے تھے
جیو نیوز - اسلام آباد........دلہن پر اعتماد لگ رہی تھیں،دلہا شرمارہے تھے۔کیا عمران خان کی شادی ہوگئ؟ دلہن کون ہے؟ آج ہر سوال کا جواب مل گیا ،پردہ ہٹ گیا، گھونگھٹ اٹھ گیا ،ریحام خان، عمران خان کی دلہن بن گئیں ،عمران خان اور ریحام خان بنی گالہ میں رشتہ ازدواج میں بندھ گئے، ملک بھر میں شہنائیاں بج رہی ہیں۔ دلہا، دلہن کی خوشی میں سب ہی خوش ہیں۔شادی ہو نہیں رہی،شادی ہوگئی ہے۔ جی ہاں بالآخر عمران خان کے سہرے کے پھول کھل ہی گئے،زندگی کی نئی ہمسفر ریحام خان سے تعارف ٹیلے ویژن انٹریو کے دوران ہوا تو آغاز گفتگو ہی دلچسپ شکوہ اور جواب شکوہ ٹہرا۔اب اسے اتفاق ہی کہیے کہ بی بی سی میں موسم کے حال سے باخبر رکھنے والی ریحام خان کی ماسٹرز کی ڈگری بھی عمرانیات کا احاطہ کرتی ہے۔ برطانیہ سے پاکستان منتقلی کی وجہ تو سیاسیات تھی،لیکن حسن اتفاق دیکھیے شریک سفر کے طور پر ہاتھ کی لکیروں پر نام بھی عمران کا ہی لکھا تھا۔ عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں نکاح کی خاص تقریب میں چند خاص مہمان ہی مدعو تھے۔حق مہر ایک لاکھ روپے مقرر کیا گیا۔ قریبی دوستوں ذاکر اور عون چوہدری نے گواہوں کی حیثیت سے نکاح نامے پر دستخط کیے۔ یوں ٹیلے ویژن انٹرویو کے میٹھے بولوں سے شروع ہونے والی کہانی نکاح کے تین بولوں تک پہنچ گئی۔کیمرےنے یادگار لمحات کواپنی آنکھ میں محفوظ کیا تو جہاں عمران خان سنہری تاروں سے مزین شیروانی میں کچھ شرما رہے تھے،تو ریحام میچنگ کلر کے لباس میں خوشی سے دمک رہی تھیں،شاید دونوں نے دل ہی دل میں ہمیشہ ساتھ نبھانے کے عہدوپیماں بھی کیے ہوں۔خانصاحب کی شادی خانہ آبادی میں ہر جگہ مبارک سلامت کا شور ہے،رہ گئے تحریک انصاف کے کھلاڑی تو کپتان کی خوشی میں ان کے لیے آج کا دن عید اور رات شب برات بن گئی،کہیں مٹھایاں ہیں،کہیں نغموں کی گونج اور کہیں نچ بلیے۔